پاکستان منافقت اور جھوٹ سے نہیں چل سکتا، رانا ثناء اللہ

پی ٹی آئی کو اسمبلی میں ویلکم کریں گے، استعفے واپس لینا ہوں گے، رانا ثنا اللہ

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف قوم اور ریاست کے ساتھ  کھڑے ہیں، اُنہوں نے اب سچ بولنے کا ارادہ کرلیا ہے کیونکہ پاکستان منافقت اور جھوٹ سے نہیں چل سکتا، نواز شریف کے خلاف سازشیں انتخابات قریب آنے کی وجہ سے ہو رہی ہیں کیونکہ مخالفین میاں صاحب کی مقبولیت سے گھبرائے ہوئے ہیں۔

لاہورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے کون سی نئی بات کی ہے، ممبئی حملے کے وقت پاکستان کے وزیر داخلہ رحمان ملک نے بھی یہی باتیں کی تھیں، نادان دوستوں نے نوازشریف کی ذات کو نہیں پاکستان کو نقصان پہنچایا ہے، سابق صدر پرویز مشرف ملک سے باہر بیٹھے ہیں اُنہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، ممبئی حملوں پر ایف آئی اے نے تحقیقات کی تھی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ چند روز قبل قومی احتساب بیورو ( نیب ) کا  پریس ریلیز بھی نواز شریف کی اہمیت کو کم کرنے کی سازش تھی تاہم مخالفین اپنے کسی حربے میں کامیاب نہیں ہو رہے اور ان کی اہمیت پہلے سے بھی زیادہ  ہو رہی ہے، نواز شریف کو ان کی قربانیوں کا جو صلہ ملنا چاہیے تھا وہ نہیں مل رہا جس پر بے حد  دکھ  ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پوری قوم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم نے ہی اس ملک کے لیے ہزاروں قربانیاں دی ہیں۔

 


متعلقہ خبریں