اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سنگجانی جلسہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی،عدالت نے زرتاج گل اور عمر ایوب کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیدیا، دونوں کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئیں۔
شیخ وقاص اکرم اور زین قریشی کیخلاف اشتہاری کی کاروائی شروع کردی گئی۔شعیب شاہین، علی بخاری اور علی شاہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظورکرلی گئیں، کیس کی مزید سماعت 31 اکتوبر2026 تک ملتوی کردی گئی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف تھانہ سنگجانی میں مقدمہ درج ہے۔
عادل بازئی اور داوڑ کنڈی کیخلاف کیس کی سماعت میں کیا ہوا؟
اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس خادم حسین سومرو نے پی ٹی آئی کے دو ممبران اسمبلی عادل بازئی اور داوڑ کنڈی کی تھری ایم پی او کے تحت حراست کے خلاف کیس کی سماعت کی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی طرف سے جواب جمع نہ کرایا جا سکا جس پر عدالت نے پیر تک مہلت دے دی،جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دئیے کہ پیر کو میں دستیاب نہیں ہوں گا کیس کسی دستیاب بنچ میں مقرر کیا جائے گا۔
اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل آفس نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جواب جمع کرانے کیلئے بدھ تک مہلت دینے کی استدعا کی جس پرجسٹس خادم حسین سومرو نے ہدایت کی کہ بدھ نہیں پیر تک جواب جمع کرائیں، عدالت نے کیس کی سماعت پیر 5 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ عادل بازئی اور داوڑ کنڈی کی جانب سے ایم پی او کے تحت حراست کالعدم قرار دینے کی درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔
26 نومبر احتجاج کیس کا فیصلہ پھر موخر
انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس کا فیصلہ ایک بار پھر موخر کر دیا، تھانہ صادق آباد میں درج 26 نومبر احتجاج کیس میں علیمہ خان اور دیگر کے خلاف محفوظ فیصلہ آج سنایا جانا تھا، عدالت نے سماعت 9 اکتوبر2026 تک ملتوی کردی ۔
علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک ایڈووکیٹ نے انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے 9 اکتوبر کی تاریخ دے دی ہے،کیس میں فیصلہ نہیں ہونا تھا کیونکہ ہم نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے،جس میں استدعا کی گئی ہے وکیل صفائی کے دلائل سنے جائیں۔ہمارے دلائل سنے بنا عدالت فیصلہ نہیں کرسکتی۔
وکیل فیصل ملک ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ علیمہ خان پر الزام ہے کہ انہوں نے عمران خان کا پیغام دیا،26 نومبر احتجاج کی بات تو وزیر داخلہ نے بھی کی تھی ان پر ایف آئی درج کیوں نہیں گئی؟علیمہ خان پر ایف آئی آر درج کردی گئی۔
پی ٹی آئی نے کوئی غیر قانونی پیغام نہیں دیا،پرامن احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے،امید کرتے ہیں کہ عدالت ہماری درخواست ضرور سنے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عدالت کی جانب سے فیصلہ محفوظ کرنے کی اطلاع میڈیا کے ذریعے معلوم ہوئی۔

