نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ ہونے کے پیچھے کچھ نہ کچھ ہے، جاوید میانداد


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ اورسابق کپتان جاوید میانداد کہتے ہیں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخ ہونے کے پیچھے کچھ نہ کچھ ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان ثمر عباس سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رمیز راجہ کو آئی سی سی سے امید نہیں رکھنی چاہیئے۔ آئی سی سی کچھ نہیں کر سکتی۔

جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ اچانک دورہ منسوخ ہونے کے پیچھے کچھ نہ کچھ ہے۔ جب وزیر اعظم یقین دہانی کرارہا ہے تو پیچھے کیا رہ جاتا ہے ۔ پتہ چلنا چاہیئے پیچھے ہاتھ کس کا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ کو آئی سی سی سے توقعات نہیں رکھنی چاہئیں۔ آئی سی سی نے آج تک کسی ملک کیخلاف کارروائی نہیں کی۔

نیوزی لینڈ سیریز منسوخی، برطانوی ہائی کمشنر کا اہم بیان سامنے آ گیا

خیال رہے کہ پاکستان میں18 سال بعد آج سے پاک نیوزی لینڈ سیریز شروع ہونے جا رہی تھی۔ نیوزی لینڈ ٹیم اسٹیڈیم کیلئے روانہ ہونے والی تھی کہ سیریز کو منسوخ کر دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ نے یکطرف طور پر سیریز منسوخ کی ہے۔ مہمان ٹیم کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈا آرڈن نے کرکٹ ٹیم کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے اہم تھی۔

انہوں نے کہا کہ’ میں نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیم کا خیال رکھنے پر شکریہ ادا کیا‘۔

کچھ دیر قبل پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نےجیسینڈا آرڈن سے ٹیلیفون پر بات کی تھی۔عمران خان نے یقین دلایا کہ پاکستان میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی میسر ہے اور PCB کے مطابق خود نیوزی لینڈ کی سیکیورٹی نے پاکستان کے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان ختم کرنے کا اعلان

عمران خان نے کہا کہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیز دنیا کے بہترین انٹیلی جنس سسٹمز میں شامل ہیں اور ان کی رائے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کسی قسم کے خطرہ نہیں ہے، تاہم نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے ازحد احتیاط کی پالیسی کے پیش نظر دورہ ملتوی کرنے کی استدعا کی‘۔


متعلقہ خبریں