پاکستان کا بھارت میں تابکار مادے کی چوری کے ایک اور واقعے پرتحفظات کا اظہار


پاکستان نے بھارت میں جوہری مواد کی چوری کے نئے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا ہے میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں انتہائی زہریلہ مادہ کیلیفورنیم رکھنے پر 2 افراد  گرفتار ہوئے۔ ہر بار  ایسے واقعات سے بھارت میں ایٹمی و تابکار مادوں کی سیکیورٹی پر سوال کھڑا ہو گیاہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: حکومت تابکاری مواد کی حفاظت میں پھر ناکام، اربوں روپے کا تابکاری مواد برامد

ان کا کہنا تھا کہ کیلیفورنیم سخت تابکاری اثرات رکھنے والا زہریلا مواد ہے، کیلیفورنیم کی بھارت میں چوری کے واقعات سخت تشویش کا باعث ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں پہلے بھی تابکاری مواد کچھ افراد کے قبضے سے برآمد ہوا۔ یہ بھارت میں تابکاری مواد کی چوری کا چار ماہ میں تیسرا واقعہ ہے۔ گزشتہ واقعات میں گرفتار افراد نے مواد بھارت سے ہی خریدا۔ پاکستان کو ایسے واقعات پر سنجیدہ تحفظات ہیں۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ بھارت میں ملزمان سے مئی اور جون میں سات اور چھ کلو یورینیم پکڑا گیا تھا۔ بھارت میں ایسے مواد کےلیے متوقع بلیک مارکیٹ ہونے کا تاثر بڑھا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ  نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر بھارت میں تابکاری مواد کی چوری کی تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔

یاد رہے کہ چار روز قبل  بھارتی پولیس نے دو ایسے افراد کو گرفتار کیا ہے جن کے قبضے میں اربوں روپے مالیت کا تابکاری مواد تھا جو انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے خریدا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران نے یورینیم کی افزودگی دوبارہ شروع کر دی

ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے چار تابکاری مواد کے ٹکڑوں میں سے ایک پر شبہ ہے کہ وہ کیلیفورنیم ہے جس کا نہ صرف بے پناہ استعمال ہے بلکہ انتہائی قیمتی بھی مانا جاتا ہے۔ کیلیفورنیم کے ایک گرام کی قیمت عالمی مارکیٹ میں تقریباً 170 کروڑ روپے ہے۔


متعلقہ خبریں