ہمیں امریکہ کی ضرورت نہیں ہے، عراقی وزیر اعظم

ہمیں امریکہ کی ضرورت نہیں ہے، عراقی وزیر اعظم

بغداد: عراق کے وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی نے کہا ہے کہ ہمیں جنگ میں لڑنے والے امریکی فوجیوں کی اب کوئی ضرورت نہیں ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مصطفیٰ الکاظمی کا بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب ان کی جانب سے امریکہ کا دورہ متوقع ہے جہاں ان کی امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات ہو گی۔

عراقی وزیر اعظم نے امریکی جنگی فوجیوں کے انخلا سے متعلق حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا لیکن ان کا کہنا ہے کہ عراقی سرزمین پر کسی بھی غیر ملکی جنگی فوج کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عراق کی سیکیورٹی فورسز اور فوج، امریکہ کے زیر قیادت اتحادی فوج کے بغیر ہی ملک کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر کام جاری رکھنے کے قابل نہیں رہے، وائٹ ہاؤس

مصطفیٰ الکاظمی نے کہا کہ انخلا سے متعلق کوئی بھی شیڈول عراقی افواج کی ضروریات پر مبنی ہوگا جنہوں نے داعش کے خلاف آپریشن میں اپنی قابلیت کا بھرپور اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ داعش کے خلاف جنگ اور ہماری افواج کی تیاری کے لیے ایک خاص ٹائم ٹیبل کی ضرورت ہے اور یہ ان مذاکرات پر منحصر ہے جو ہم واشنگٹن میں کریں گے۔

وائٹ ہاؤس میں پیر کو ہونے والے اجلاس میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں انخلا کے ٹائم فریم کو حتمی شکل دینے کی توقع کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت عراق میں ڈھائی ہزار امریکی فوجی موجود ہیں گزشتہ برس کے اواخر میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 3 ہزار فوجیوں کی کمی کا حکم دیا تھا۔


متعلقہ خبریں