مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آپ غدار کہیں لیکن عوام نواز شریف کو سب سے بڑا محب وطن سمجھتے ہیں۔ افغان مشیر نے نوازشریف سے ملاقات کیا کی ان کی سانسیں پھول گئیں۔
سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں عوامی طاقت نوازشریف کے پاس ہے، نوازشریف نے لندن میں بیٹھ کر ان کے گھر خیبرپختونخوا میں گھس کر مارا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ مجھے یقین ہے ضمنی الیکشن میں جیت ن لیگ کی ہو گی، ووٹ کوعزت کیسے دی جاتی ہے یہ ڈسکہ والوں نے بتا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بھی جگہ جگہ سیالکوٹ اور ڈسکہ کو یاد کیا، ن لیگ کے جلسوں سے حکمران خوفزدہ ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سلیکٹڈ کروڑوں روپے خرچ کرنے کے بعد بھی صرف جلسی کرسکا، آپ کی کارکردگی کیا ہے کہ کشمیر ووٹ مانگنے جاتے ہیں، آپ جلسوں میں صرف نوازشریف نوازشریف کھیلتے ہیں۔
نواز شریف کی افغان مشیر سے ملاقات: مریم نواز کا رد عمل آ گیا
نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف فوبیا میں مبتلا اس شخص کی ذہنی حالت پہلے سے ہی خراب تھی، پرائم منسٹر ہاؤس کا ڈاکٹر اس کو ایسی دوا دے کہ اسے کچھ عرصے کیلئے نواز شریف بھول جائے۔
انہوں نے کہا کہ تین سال حکومت میں رہنے کے باوجود ان کے پاس کارکردگی بتانے کیلئے کچھ نہیں، عوام فیصلہ کریں، نوازشریف دور میں آٹا کتنے کا تھا اور آج کتنے کا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف 22 گھنٹے لوڈشیڈنگ کو زیرو پر لائے، آج ایک بار پھر 14،14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ آپ نے اپنی اور وزرا کی تنخواہوں میں لاکھوں روپے اضافہ کیا اور آپ عوام کو کہتے ہیں کہ صرف 20 ہزار میں گزارا کریں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وزیر دفاع اپنے دفاع کے قابل نہیں رہے، عمران خان کا گزارا اے ٹی ایمز سے ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم فیصلہ کر چکی ہے کہ اس ملک کا ماضی حال اور مستقبل صرف نواز شریف ہیں، 28 جولائی ووٹ چوروں کے حساب و کتاب کا دن ہے۔