افغان حکومت سفارتکاروں کو بلانے کے فیصلے پر نظرثانی کرے، وزیر خارجہ

افغان حکومت سفارتکاروں کو بلانے کے فیصلے پر نظرثانی کرے، وزیر خارجہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان حکومت سفارتکاروں کو واپس بلانے کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان ہم منصب محمد حنیف اتمر کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے افغان ہم منصب کو 16 جولائی کے واقعہ پر اقدامات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے اور وزارت خارجہ سفارتی روایات سے بخوبی آگاہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں افغان سفارتخانے اور قونصلیٹ کی سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور امید ہے کہ افغان حکومت افغان سفارتکاروں کو پاکستان سے واپس بلانے کے فیصلے پر نظرثانی کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی بیان نے اس کی اصلیت عیاں کر دی، ترجمان دفتر خارجہ

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان وزیر خارجہ نے واقعے کی تحقیقات میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔

افغان وزیر خارجہ نے افغان سفارتکاروں کی سیکیورٹی بڑھانے سے متعلق کاوشوں پر شاہ محمود قریشی کی تعریف کی اور کہا کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ دلچسپی کے امور پر روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔


متعلقہ خبریں