وزیراعظم عمران خان نے جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی کو معاون خصوصی مقرر کر دیا۔
اس ضمن میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعظم نے شاہ زین بگٹی کو بلوچستان میں مفاہمت اور ہم آہنگی سے متعلق معاون خصوصی مقررکیا ہے۔
رکن قومی اسمبلی شاہ زین بگٹی کا عہدہ اور مراعات وفاقی وزیر کے برابر ہوں گی۔
بلوچستان کے عسکریت پسندوں سے بات چیت کا سوچ رہا ہوں،وزیراعظم
ذرائع کے مطابق شاہ زین بگٹی حکومت کی جانب سے ناراض بلوچ رہنماوَں سے بات چیت کریں گے، وزیر اعظم عمران خان نے شاہ زین بگٹی کو تمام معاملات سے متعلق بات چیت کا اختیار دیدیا ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ میں بلوچستان کےعسکریت پسندوں سے بات چیت کا سوچ رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے ماضی میں مسائل رہے ہوں لیکن اب پہلے جیسےحالات نہیں ، جو پاکستان کا سوچے گا وہ بلوچستان کا ضرور سوچے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس صوبے سے مرکز نے تو ناانصافی کی ہے لیکن اپنے سیاستدانوں نے بھی انصاف نہیں کیا۔ جب بلوچستان میں امن ہو گا اور ترقی کرے گا تو کوئی بھی تحریک کا نہیں سوچے گا، ماضی میں بلوچستان پرتوجہ نہیں دی گئی۔
عمران خان نے کہا کہ نوازشریف نے لندن کے 23 پرائیویٹ دورے کیے، میرے خیال میں وہ 2 بار بھی بلوچستان نہیں آیا ہو گا۔
