10ویں اور 12ویں کے امتحانات 23 جون سے، اساتذہ کیلئے 10 جون تک ویکسی نیشن لازمی قرار


نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ 10ویں اور 12ویں کے امتحانات 23 جون سے 29 جولائی کے درمیان لیے جاسکتے ہیں۔ امتحانات کے شیڈول تعلیمی بورڈ ز خود جاری کریں گے۔ امتحانات کی تیاری کیلئے صوبے 10ویں اور 12ویں کی کلاسز کا آغاز 31 مئی سے کرسکتے ہیں۔

این سی او سی نے کہا ہے کہ تعلیمی سیکٹر میں تسلسل برقرار رکھنے کیلئے ملک بھر کے اساتذہ اور دیگر اسٹاف کے لیے 10 جون تک ویکسی نیشن لازمی قرار دے دیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس کے بعد جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اساتذہ کو ملک بھر میں واک ان ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔

جاری پریس ریلیز کے مطابق این سی او سی اجلاس میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد اور ویکسی نیشن کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ این سی او سی نے ملک بھر میں کورونا کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار  کیا۔ تاہم این سی او سی نے سندھ میں کورونا صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: کورونا: بزرگ افراد کی ویکسینیشن10مارچ سے شروع ہوگی

جاری پریس ریلیز کے مطابق متحدہ عرب امارات  سے آنے والے مسافروں کیلئے مخصوص لیبارٹریز کا کورونا منفی ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں ایئر لائنز پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

این سی او سی کے مطابق یہ فیصلہ فیصلہ مسافروں کی جانب سے جعلی کورونا ٹیسٹ رپورٹس جمع کرانے کے بعد کیا گیا ہے۔ مثبت کورونا رپورٹ کی صورت میں قرنطینہ کا مربوط نظام بنایا گیا ہے۔

این سی او سی کے مطابق یکم جولائی سے 30 سال سے زائد عمر کے سیاحوں کیلئے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا۔ کورونا کی 5 فیصد سے کم شرح والے اضلاع میں پارکس، تفریحی مقامات اور سوئمنگ پول 30 مئی سے کھل سکیں گے۔


متعلقہ خبریں