وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ صوبے میں اساتذہ کی ویکسی نیشن کا عمل چند دنوں میں شروع کر دیا جائے گا۔
صوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران اسکولوں کو کھلا رکھنے کیلئے تمام اساتذہ کی ویکسی نیشن ہی ایک واحد راستہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی ویکسی نیشن کیلئے لاہور میں خصوصی ویکسی نیشن سینٹر کا آغاز رواں ہفتے کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی بدولت طلبا کا بہت تعلیمی نقصان ہو چکا ہے، طلبا و اساتذہ کی صحت کے حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔
حکومت کا بغیر امتحان طلبا کو پروموٹ نہ کرنے کا فیصلہ
دوسری جانب حکومت نے رواں سال کسی بھی طالب علم کو بغیر امتحانات کے اگلی کلاس میں پروموٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام کلاسزکےامتحانات ہرصورت ہوں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات جون کے تیسرے ہفتے میں لیےجائیں گے۔
رزلٹ تاخیر سے ہونے کی صورت میں جامعات پروویژنل سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر داخلے دیں گی جب کہ موسم گرما کی تعطیلات کم ہوں گی جس سے متعلق فیصلےصوبے کریں گے۔