اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کا غیر معمولی ورچوئل اجلاس سے خطاب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہنگامی اجلاس طلب کرنے پر او آئی سی کا مشکور ہوں۔
انہوں نے فلسطین پر اسرائیلی بمباری سے متعلق کہا کہ اسرائیلی فورسز نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ پاکستان فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اب اسرائیل کی جارحیت ختم ہونی چاہیے اور پاکستان اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل مسلسل غزہ پر بمباری کر رہا ہے۔ پاکستان فلسطینیوں کی مکمل حمایت اور ان سے اظہار یکجہتی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو گرفتار کیا جائے، مریم اورنگزیب
شاہ محمود قریشی نے او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے اور غزہ پر اسرائیلی بمباری سے معصوم بچے شہید ہو رہے ہیں پاکستان مسئلے کے حل کے لیے 2 ریاستی فارمولے کے عزم کو دہراتا ہے۔