پنجاب حکومت کو لاک ڈاوَن کا دورانیہ بڑھانےکی تجویز دے دی گئی ہے۔
ہم نیوز کے ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ اور صحت کی جانب سے لاک ڈاؤن کا دورانیہ ایک ہفتہ بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔
لاک ڈاوَن کادورانیہ بڑھانے سے کورونا کے انسداد میں مدد ملے گی تاہم اس بابت حتمی فیصلہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کرے گا۔
خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 83 اموات اور 1 ہزار 531 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 19 ہزار 467 تک پہنچ گئی جب کہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 74 ہزار 751 ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چینی کورونا ویکسین آئندہ ماہ سے پاکستان میں تیار ہوگی
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں میں 30 ہزار 248 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جب کہ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 5.06 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 71 ہزار 804 ہے اور 7 لاکھ 83 ہزار 480 افراد کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 9 ہزار 322 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 793، خیبرپختونخوا 3 ہزار743، اسلام آباد 727، گلگت بلتستان 107، بلوچستان میں 262 اور آزاد کشمیر میں 513 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 79 ہزار 27، خیبرپختونخوا ایک لاکھ 26 ہزار 614، پنجاب 3 لاکھ 24 ہزار 589، سندھ 2 لاکھ 97 ہزار 78، بلوچستان 23 ہزار 814، آزاد کشمیر 18 ہزار 212 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 417 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔