وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بتایا ہے کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید کا دن لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر موجود جوانوں کے ساتھ گزارا جب کہ فوج کی باقی قیادت بھی اپنے ٹروپس کے ساتھ موجود رہی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ فوج میں سپاہی سے جرنیل تک یہ جوان ایک خاندان میں پروئے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فوج کی راتیں جاگتی ہیں تاکہ عوام رات کو سوسکیں ، ہمیں آپ پر فخر ہے۔
مستقبل میں مختلف شعبوں میں پاک امریکا تعاون کیلئے پرامید ہیں،آرمی چیف
خیال رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کنٹرول لائن کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے فرنٹ لائن پر موجود جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی تھی۔
کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے ایل او سی پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے اس موقع پر ملک میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔
آرمی چیف نے جوانوں کی لگن، جذبے اور پیشہ ورانہ تیاریوں کو سراہا، انہوں نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے فارمیشن کے سول انتظامیہ سے تعاون کو بھی سراہا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ہر اقدام کرے گی۔
آرمی چیف نے ملک کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کی سیکیورٹی، تحفظ اور فلاح ہماری ذمے داری ہے۔
انہوں نےکہا کہ عید پر کشمیر میں جدوجہد کرنے والے بہادر کشمیریوں کو نہیں بھولنا چاہیئے، وقت آگیا ہے کہ کشمیر میں انسانی المیے کو اب ختم کیا جائے۔
آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی مرضی اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔