نئی دہلی: بھارت میں کورونا سے ایک روز میں مزید 3 ہزار 688 اموات ریکارڈ کی گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کے حملے جاری ہیں اور مجموعی اموات کی تعداد 2 لاکھ 15 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 لاکھ ایک ہزار 993 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 3 ہزار 688 اموات بھی رپورٹ ہوئیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں اب تک کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 91 لاکھ 64 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
کورونا کیسز کی تشویشناک صورتحال کے باعث امریکہ نے بھارت پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں جبکہ آسٹریلیا نے بھارت سے آنے والوں کے لیے سخت سزاؤں کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی پولیس نے سلنڈر چھین لیا، ماں چل بسی
بھارت کے اسپتالوں میں مریضوں کے لیے جگہ ختم ہو گئی ہے اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت اپنے پیاروں کے لیے آکسیجن اور ادویات کا انتظام کر رہے ہیں۔
دوسری جانب دلی میں مسلمانوں نے کورونا اسپتال بنا لیا ہے جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کو سہولیات دی جا رہی ہیں۔