‘بڑے دل والے پڑوسیوں کا شکریہ’


بھارتی اداکارہ کنگنا رناوات کے بعد سوارا بھاسکر نے بھی بھارتی عوام سے ہمدردی پر پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ کورونا کے باعث بھارت کی بگڑتی صورتحال میں پاکستانیوں کے ہمدردانہ سوشل میڈیا پیغامات دیکھ کر خوشی ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ  اس حقیقت کے باوجود کہ ہمارے میڈیا اور مرکزی دھارے میں جاری عوامی گفتگو نے مستقل طور پر پاکستانیوں کا مذاق اڑایا ہے۔

اپنی ٹوئٹ کے آخر میں انہوں نے لکھا کہ بڑے دل والے پڑوسیوں کا شکریہ۔

بھارتیوں سے اظہارِ ہمدردی، کنگنا رناوت پاکستانیوں کی شکرگزار

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں  بھارت کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے کورونا کی تباہی میں گرے بھارتیوں کے لیے نیک تمناوں اور ہمت افزائی کرنے پر پاکستان کی عوام کا شکریہ ادا کیا تھا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ اس کڑے وقت میں پاکستان سے بھارتیوں کی حمایت کا ٹرینڈ دیکھ کر دل خوش ہوا ہے۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ پاکستانیوں کی طرف سے پیار و محبت دیکھ کر اچھا لگا، ہم اس مشکل وقت میں پاکستانیوں کی بھارتیوں کے لیے ہمدردی کا اعتراف بھی کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے ریکارڈ کیسز سامنے آ رہے ہیں، جبکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ وہاں کے حالات ابتر ہورہے ہیں۔

ایسے میں سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستانیوں نے بھارتی شہریوں کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا۔


متعلقہ خبریں