وزیر اعظم کا بھارتی شہریوں سے اظہار یکجہتی


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں بھارتی شہریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ بھارتی شہری کورونا کی خطرناک لہر سے نمٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اور دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ اس عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے ہم سب کو مل کر جدو جہد کرنا ہو گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہم بھارتی شہریوں سے یکجہتی کا اظہارکرتے ہیں۔

قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا کی موجودہ لہر کے تناظر میں بھارتی عوام سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارتی عوام کی حمایت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے موصول فنڈز ایک ارب ڈالرسے بڑھ گئے، وزیر اعظم

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا کی موجودہ لہر نے خطے کو بری طرح سے متاثر کیا ہے اور بھارت کے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں انسانی معاملات پر ردعمل سیاست سے ہٹ کر ہونا چاہیے۔ پاکستان کورونا سے نمٹنے کے لیے سارک ممالک سے تعاون کے لیے کام کرتا رہے گا۔


متعلقہ خبریں