وزارت قانون کی جانب سے اسلامی نظریاتی کونسل کے 12 ممبران کی تقرریوں کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر قبلہ ایاز کو دوبارہ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مقرر کردیا گیا۔ ترجمان کے مطابق تقرریاں صدر مملکت کی جانب سے3سال کیلئےعمل میں لائی گئی ہیں۔
ڈاکٹرعمیرمحمود صدیقی، پیرابوالحسن محمد شاہ، محمد حسن حسیب الرحمن، مولانا حامد الحق حقانی، علامہ محمد حسین اکبر، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، پیرزادہ جنید امین، حافظ محمد طاہرمحموداشرفی، مفتی محمد زبیر، سید محمد حبیب عرفانی اور مولانا نسیم علی شاہ ان 12 ممبران میں شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین اور ارکان کی تقرری 3 سال کےلیے کی گئی۔
خیال رہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کا ایک آئینی ادارہ ہے جو پارلیمنٹ کو ایسے قوانین میں تبدیلی کا مشورہ دینے کا مجاز ہے جو ان کی نظر میں اسلامی تعلیمات سے ہم آہنگ نہ ہوں۔
اس کا مقصد صدر، گورنر یا اسمبلی کی اکثریت کی طرف سے بھیجے جانے والے معاملے کی اسلامی حیثیت کا جائزہ لے کر 15 دنوں کے اندر اندر انہیں اپنی رپورٹ پیش کرنا ہے۔
آئین کی دفعہ 228 میں یہ قرار دیا گیا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے اراکین میں تمام فقہی مکاتب ِفکر کی مساوی نمائندگی ضروری ہوگی۔
اس کے کم از کم چار ارکان ایسے ہوں گے جنہوں نے اسلامی تعلیم وتحقیق میں کم وبیش 15 برس لگائے ہوں اور انہیں جمہورِ پاکستان کا اعتماد حاصل ہو۔