اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی آج اپنی سالگرہ منا رہے ہیں۔
شاہد خان آفریدی کو مداحوں کی جانب سے سالگرہ کی مبارک باد دینے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کھیلوں کی معروف ویب سائٹ کرک انفو نے بھی شاہد آفریدی کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ایک روزہ میچوں میں ان کی کارکردگی کا چارٹ جاری کر دیا۔
Birthday boy Shahid Afridi’s most memorable ODI performance is… pic.twitter.com/uHDZHQckMS
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) March 1, 2021
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہیپی برتھ ڈے شاہد آفریدی اور ہیپی برتھ ڈے لالا آج کے ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہیں جبکہ شاہد آفریدی کو ان کے تیز ترین اور شاندار کھیل کے لیے دنیائے کرکٹ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
کرکٹ کی دُنیا میں متعدد ورلڈ ریکارڈز اپنے نام کرنے والے شاہد آفریدی اپنی سالگرہ سادگی سے منانا پسند کرتے ہیں۔ شاہد آفریدی یکم مارچ 1975 کو خیبر پختونخوا کی خیبر ایجنسی میں پیدا ہوئے تھے۔
سن 1996 میں کرکٹ کی دنیا میں پہلا قدم رکھنے والے شاہد آفریدی نے 27 ٹیسٹ میچز کھیل کر 5 سنچریز اور 8 نصف سنچریز مکمل کیں اور بہترین اسکور 156 رہا جبکہ انہوں نے اپنا ایک ورلڈ ریکارڈ سری لنکا کے خلاف قائم کیا۔
سری لنکا کے خلاف کھیلتے ہوئے شاہد آفریدی نے صرف 37 گیندوں پر دنیا کی تیز ترین سنچری اسکور کی جو ایک ورلڈ ریکارڈ ہے جس پر شاہد خان آفریدی آج تک مشہور ہیں، تاہم بوم بوم آفریدی کے تیز ترین کھیل کا سلسلہ یہاں رکا نہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنی 44 ویں سالگرہ کے موقع پر سالگرہ کی مبارکباد دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فیملی اور پرستار ان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ واقعتاً ملتان سلطانز کے ساتھ وقت کو انجوائے کررہے ہیں اور کوشش کررہے ہیں کہ ایسی پرفارمنس پیش کریں جو ٹیم کو فتح دلائے۔
Thank you very much for all the lovely birthday wishes – 44 today! My family and my fans are my biggest assets. Really enjoying my stint with Multan and hope to produce match winning performances for all MS fans.
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) February 28, 2021
398 ایک روزہ میچز میں شاہد خان آفریدی نے 8 ہزار 64 رنز بنائے جس میں 6 سینچریاں اور 39 نصف سینچریاں بھی شامل ہیں جبکہ ٹی ٹونٹی میچز میں 4 نصف سینچریوں کی مدد سے ایک ہزار 415 رنز بنائے۔ شاہد آفریدی کو ٹی ٹونٹی میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھی حاصل ہے۔
شاہد خان آفریدی نے ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ 124 رنز بنائے جبکہ کُل 395 وکٹیں حاصل کیں۔
سب سے پہلے بھارتی کمنٹیٹر روی شاستری نے شاہد خان آفریدی کو بوم بوم آفریدی کہا جس کے بعد دنیا بھر میں شاہد آفریدی کی جگہ بوم بوم آفریدی کا خطاب مقبول ہوگیا۔شاہد آفریدی نے سب سے بہتر اسٹرائیک ریٹ اور سب سے زیادہ چھکوں کا ورلڈ ریکارڈ بھی بنایا۔
