اسلام آباد: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تین سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں جب کہ روزوانہ کی پیداوار ایک کروڑ بیرل پر برقرار ہے۔
ہم نیوز کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں دو فیصد اضافے کے ساتھ تین سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ جمعہ کے روزتیل کی قیمت میں ایک ڈالر 29 سینٹ فی بیرل کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ہفتے کے اختتام پرعالمی مارکیٹ میں لائٹ کروڈ کے سودے 69 ڈالر 72 سینٹ میں طے پائے۔
گزشتہ ہفتے عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 69 ڈالر 97 سینٹ فی بیرل تک پہنچی تھی۔
برطانوی مارکیٹ میں تیل ایک ڈالر 25 سینٹ مہنگا ہوا جب کہ برینٹ نارتھ کی قیمت 74 ڈالر 87 سینٹ فی بیرل رہی۔
تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سرمایہ کار ایران اورامریکہ کے جوہری معاہدے پر ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے کا انتظار کررہے ہیں جو 12 کو متوقع ہے۔
اقتصادی ماہرین کا دعوی ہے کہ جوہری معاہدے پر واشنگٹن اور تہران کے درمیان پیدا ہونے والا حالیہ تنازعہ خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سبب ہے۔
ایران پیٹرولیم ایکسپورٹ ممالک کی تنظیم (اوپیک) کا رکن اورخام تیل کا اہم برآمد کنندہ ہے۔
پاکستان میں مئی کےآغاز میں پٹرول کی قیمت ایک روپے 70 پیسے اضافے کے ساتھ نئی قیمت 87 روپے 70 پیسے فی لیٹر طے پائی تھی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 31 پیسے اضافے کے بعد 98 روپے 76 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
لائٹ ڈیزل کی فی لیٹرقیمت میں تین روپے 55 پیسے کا اضافے ہوا تھا جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں تین روپے 41 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہونے سے مٹی کے تیل کی نئی قیمت 79 روپے 87 پیسے ہو گئی تھی۔