کراچی: حلیم عادل شیخ سمیت دیگر کے فارم ہاؤسز کیخلاف آپریشن


کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ اور ان کے کزن کے فارم ہاؤس کے خلاف انسداد تجاوزات ٹیم نے آپریشن کیا۔

سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ اور ان کے کزن کے ڈسٹرکٹ ملیر میں موجود فارم ہاؤس کے خلاف سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے کارروائی کی۔

سپرہائی وے پرحلیم عادل شیخ کے فارم ہاؤس کو گرانے کے لیے مشینری اور عملہ پہنچا۔ ضلعی انتظامیہ، ایس بی سی اے اور پولیس کی جانب سے آپریشن کیا گیا۔

ایس بی سی اے کا کہنا تھا کہ 30 سال سے بنے 200 سے زائد فارم ہاؤسز مسمار کیے جائیں گے جبکہ ایس ایس پی لطیف صدیقی کا فارم ہاؤس بھی گرا دیا گیا۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ میرے کزن طارق قریشی کے گڈاپ میں فارم ہاؤسزکو گرایا جا رہا ہے جبکہ ملیر میں میرے بھائی کے فارم ہاؤس کو گرانے کے لیے مشینری بھیجی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس تمام زمینوں کے کاغذات موجود ہیں اور اسٹے آرڈر کے باوجود کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ بلاول بھٹو کے کہنے پر وزیراعلیٰ سندھ انتقامی کارروائیاں کروا رہے ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ میرے پاس ایک ایک کاغذ موجود ہے اور قانونی زمینوں پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان سمیت پی ٹی آئی کے کارکنان اچانک فارم ہاؤس پہنچ گئے جبکہ آپریشن کرنے والے گاڑیوں پر پتھراؤ کر کے گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے گئے۔ جس کے بعد میمن گوٹھ میں فارم ہاؤسز کے خلاف جاری آپریشن کو روک دیا گیا۔


متعلقہ خبریں