کراچی سے گوادر شاندار امن ریلی کا خوبصورت آغاز


کراچی سے گوادر شاندار امن ریلی کا خوبصورت آغاز ہو گیا ہے۔

جمعہ کی صبح 50 بائیک رائیڈر اور کاروں پر مشتمل امن ریلی مرحلہ وار کراچی سے گوادر کی جانب گامزن ہوئی۔

پہلے مرحلے میں اسلام آباد لاہور اور کراچی سے پچاس رائیڈرز کا قافلہ امن و محبت کا پیغام لے کر کلفٹن کراچی سے گوادر کی جانب روانہ ہوا۔

جب کہ دوسرے مرحلے میں مائی کلاچی روڈ بوٹ بیسن کلفٹن سے پچاس کاروں پر مشتمل قافلہ بھی گوادر کو روانہ ہوا۔

اس عظیم الشان امن ریلی کے شرکاء شام تک ساڑھے چھ سو کلو میٹر کا فاصلہ طے کریں گے۔

ریلی کے آغاز پر  شرکاء کا جوش و جذبہ اور خوشی دیدنی تھی۔ حب پہنچنے پر مقامی انتظامیہ اور عوام الناس نے ریلی کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور بلوچستان میں خوش آمدید کہا۔

فضائی آلودگی سے متعلق آگاہی، اسلام آباد میں سائیکل ریلی

پاکستان کے قومی پرچم کے رنگوں میں رنگی یہ دلکش ریلی کنڈ ملیر، اورماڑہ اور پسنی کے دلکش ساحل سے ہوتی گوادر پہنچے گی۔

یہ ریلی دنیا کو پاکستان کے بے مثال حسن اور اس کی سینکڑوں کلومیٹر لمبی ساحلی پٹی کے ہوش ربا نظارے دکھانے کی زبردست کاوش ہے۔

گوادر میں اس امن ریلی کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ ہفتے کے روز ریلی کے شرکاء گوادر میں خوب لطف اندوز ہوں گے اور مقامی لوگوں اور بالخصوص نوجوانوں کے ساتھ سیر و تفریح کریں گے۔

اتوار کے دن امن ریلی کے شرکاء محبتیں بانٹتے اور سمیٹتے واپس کراچی کو روانہ ہوں گے۔


متعلقہ خبریں