کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ، بہادرآباد گروپ کے کنوینرخالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے عوام کو روٹی، کپڑا اورمکان کے بجائے گولی، قبر اور قبرستان دیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید تھی پیپلز پارٹی مثبت سوچ کے ساتھ لیاقت آباد آئے گی لیکن انہوں نے ادھر ہم ، اُدھر تم کا نعرہ لگایا۔
خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم ، پیپلزپارٹی کی نفرت کی سازش کو ناکام بنا دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم ساتھ نہ دیتی تو 1988 میں پیپلز پارٹی کی حکومت نہ بنتی لیکن اس کے جواب میں گولیوں کے تحفے دیے گئے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پیپلزپارٹی آہستہ آہستہ اپنی اصل کی جانب لوٹ رہی ہے، وقت آگیا ہے کہ ان سے سیاست کا حساب مانگا جائے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ لیاری گینگ وار، پیپلز پارٹی کا عسکری ونگ ہے جو پورے شہر سے بھتہ لیا کرتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے قبضہ گروپ سے نجات ملنے پر ہی سندھ کو ترقی ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو 45 سال بعد لیاقت آباد کا خیال آیا، لیاری میں دس سال سے جلسہ کیوں نہیں کر رہے؟ کس کے خوف سے لیاری نہیں جا رہے؟
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ پانچ مئی کو لیاقت آباد ٹینکی گراؤنڈ میں جلسہ کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم شہر کا 85 فی صد مینڈیٹ رکھتی ہے اس لیے ہمیں اجازت کی ضرورت نہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے فاروق ستار کو بھی لیاقت آباد جلسہ میں شرکت کی دعوت دی۔