لاہور جلسہ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، مولانا فضل الرحمان


ملتان: پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 13 دسمبر کو لاہور میں ٹاکرا ہوگا۔ لاہور کا جلسہ ان کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، لاہور سے ان کا جنازہ نکلے گا اور اسلام آباد تک ان کا پیچھا کریں گے۔

ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسے  سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تاریخی اجتماع کے انعقاد پر ملتان والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پیپلز پارٹی کو یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے پہلے سے ملتان کے راستے بند کردیئے گئے۔ یوسف رضا گیلانی کے بیٹوں سمیت بہت سے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ یوسف رضا گیلانی کے بیٹوں پر تشدد کیا گیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے ڈکٹیٹروں کا براہ راست مقابلہ کیا ہے تو آپ کیا چیز ہیں۔ ہم نے آپ کو سیاست سے لاتعلق کردیا ہے۔ آپ دھاندلی کے ذریعے آئے ہیں، پہلے دن سے آپ کو تسلیم نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: کوویڈ 19 سے پہلے کوویڈ 18 کو گھر بھیجنا ضروری ہے، مریم نواز

انہوں نے کہا کہ آپ کے دور میں لوگ بےروزگاری کی وجہ سےخود کشی کرنے پر مجبور ہیں۔ اگر ہم جلسے نہیں کریں گے تو بھوکوں اور بےروزگار نوجوانوں کی آواز کون بنے گا؟

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آپ نے کشمیر کو مودی کے حوالے کردیا۔ اب فلسطین کو اسرائیل کے حوالے کرنے کی بات کر رہے ہو۔ پہلے آپ کشمیر فروش تھے،اب آپ فلسطین کو بیچنا چاہتے ہیں۔ آپ نے مودی کےاقتدار کے لیےدعائیں کی تھیں.

انہوں نے کہا کہ ہم قوم کی نمائندگی کرتے ہوئے میدان میں آئے ہیں۔ لاہور کاجلسہ ہوکر رہے گا،کوئی ہمیں نہیں روک سکتا۔ ہم غریبوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ جمعہ اور اتوار کو ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے ڈنڈا دکھا دیا، اب اس سے آگے مت جائیں، ہمیں اشتعال مت دلائیں۔ ہم پاکستان اور پاکستانی اداروں کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ موجودہ حکومت کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔


متعلقہ خبریں