لاہور جلسے میں رکاوٹ ڈالی تو اسلام آباد کا رخ کریں گے، رانا ثنا اللہ

فائل فوٹو


لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے لاہور جلسے میں رکاوٹ ڈالی تو پھر اسلام آباد کا رخ کریں گے۔

ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پورے ملتان کو قید خانہ بنا دیا تاہم اگلے ایک گھنٹے میں کنٹینرز ہٹا لیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوام پر کوئی ظلم برداشت نہیں کریں گے اور آج ہر قیمت پر گراوَنڈ کے اندر یا باہر جلسہ ہو گا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اب گرفتاریوں سے بات آگے نکل گئی ہے اور ہم سر پر کفن باندھ کر نکلے ہیں۔ ملتان کی سڑکوں پر خون بہا تو انتظامی افسران انکوائریاں بھگتیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان کے شہری باہر نکلیں اور “ووٹ کو عزت دو” کے ساتھ کھڑے ہوں۔ سلیکٹڈ گھبرا گیا ہے کیونکہ جس نے اپوزیشن کو کنٹینرز دینے کا اعلان کیا تھا وہ اپنے بچاؤ کے لیے کنٹینر ڈھونڈتا پھر رہا ہے۔ کنٹینر لگانے سے حکومت پی ڈی ایم کا جلسہ نہیں روک سکتی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ہم پرامن طور پر ہی قائدین کو جلسہ گاہ تک لائیں گے اور اب حکمرانوں کو بھاگنے کا راستہ بھی نہیں ملے گا۔ 13 دسمبرکو لاہور جلسے میں رکاوٹ ڈالی گئی تو اسلام آباد کا رخ کر لیں گے۔

رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ تم نے قوم کے ساتھ فراڈ کیا غلط وعدے کیے اور اجتماعی دھوکہ دیا۔ وزیر اعطم کہتا تھا 90 دن میں کرپشن ختم ہو گی لیکن یہ تو 10 گناہ ذیادہ ہو گئی ہے۔ 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریوں کا کہا گیا لیکن ڈھائی سال میں 10 نوکریاں یا 10 گھر بھی نہیں دیے۔


متعلقہ خبریں