سندھ میں کورونا سے مزید 620 افراد متاثر

کورونا ریپڈ رسپانس ٹیم نے بائیکاٹ کا اعلان کردیا

کراچی:  صوبہ سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس سے مزید 620 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 2 ہزار 667 جب کہ  وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد  ایک لاکھ 49 ہزار 542 ہو گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ میں 223 کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک جب کہ 26 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق کراچی میں کورونا کے مزید 504 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد شہر  میں کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ 2 ہزار 142 ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ  عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر ملک بھر میں شادی ہالز میں تقاریب پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق  شادی ہالوں پر پابندی 20 نومبر سے نافذ ہو گی۔

اعلامیے کے مطابق شادی ہال کے اندر تقاریب پر پابندی ہو گی۔ تقاریب کا انعقاد صرف کھلی جگہ پر کیا جا سکے گا۔

این سی او سی اعلامیے کے مطابق کھلی جگہ پر شادی کی تقریب میں زیادہ سے زیادہ ایک ہزار افراد شریک ہو سکیں گے۔

کورونا: حکومت سندھ، پابندیاں عائد کرانے کیلیے وفاق کو خط لکھنے کا فیصلہ

اس کے علاوہ این سی او سی نے ماسک نہ پہننے والوں کے لیے جرمانے کی شرح مقرر کر دی ہے۔

اعلامیے کے مطابق بغیر ماسک کے گھر سے باہر نکلنے والے فرد سے 100 روپے جرمانہ وصول کر کے 3 ماسک دیئے جائیں گے۔

این سی او سی اعلامیے کے مطابق تمام سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد عملے کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

این سی او سی نے بتایا کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور ملتان کورونا سے زیادہ متاثرہ شہروں میں شامل ہیں جب کہ حیدر آباد، گلگت، مظفرآباد، میر پور، پشاور ، کوئٹہ، گوجرانوالا، گجرات، فیصل آباد، بہاولپور اور ایبٹ آباد میں بھی اسی حکمت عملی کا اطلاق کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق ملک کے 13 شہروں میں جنوری 2021 تک مزید کورونا کیسز پھیلنے کا خدشہ ہے۔


متعلقہ خبریں