اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پہلے جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا یہی ہے کہ اس جلسے سے اپوزیشن کو فائدہ نہیں نقصان ہوا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ غیرجانبدار تجزیہ کار کہہ رہے ہیں کہ جلسہ میں 15 سے 18 ہزار لوگ تھے، اپوزیشن کا پہلا جلسہ کوئی تاثر قائم نہیں کر سکا، قائدین کی تقاریر میں لچر زبان استعمال کی گئی۔
تمام غیرجانبدارتجزیہ کار بھی کہ رہے ہیں کہ جلسہ میں پندرہ سےاٹھارہ ہزارلوگ تھے اوراپوزیشن کا پہلا جلسہ کوئ تاثر قائم نہیں کر سکا،قائدین کی تقاریر میں لچر زبان استعمال کی گئ اوراداروں کیخلاف محاز بنانے کی ناکام کوشش کی گئ،لگتا یہی ہے کہ اس جلسے سے اپوزیشن کو فائدہ نہیں نقصان ہوا
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 17, 2020
انہوں نے تحریر کیا کہ جلسے میں اداروں کےخلاف محاذ بنانے کی ناکام کوشش کی گئی۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی نے پی ڈی ایم کے جلسے کے بارے میں کہا کہ قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ گیارہ نوسر باز اپنی کرپشن بچانے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں، اپنے کاروبار کو تحفظ دینے کے لیے یہ سارے اکٹھے ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو گوجرانوالہ جلسے میں منہ کی کھانا پڑی۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگائی سے نجات حاصل کرنے کیلئے سب کو پی ڈی ایم کے مشن کا حصہ بننا ہوگا، احسن اقبال
اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے پاس عوامی ریلیف، سہولت اور بہتری کا ایجنڈا نہیں، اپوزیشن کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ ان کے ساتھ سودا کیا جائے۔
اعظم خان سواتی نے کہا کہ عمران خان نہ تو سودا کرے گا اور نہ کرپشن کیسز میں نرمی، ہم کہیں زیادہ لوگ لائیں گے مگر وہ عوامی فلاح کے لیے جمع ہوں گے۔