اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن قانون کے اندر رہتے ہوئے جتنے چاہے جلسے کرے کیونکہ جلسے کرنا ان کا حق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے پہلے بھی جلسے کیے مگر حکومت کو کچھ نہیں ہوا، اپوزیشن ایک بار پھر رپیٹ براڈ کاسٹ کر کے دیکھ لیں۔
سینیٹر فیصل جاوید کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے مفاہمتی آرڈیننس ماننے سے انکار کردیا ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے آج اجلاس میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کو ملک بھر میں جلسے کرنے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی کے اجلاس میں حکومتی اراکان نے تجویز دی کہ اپوزیشن کو جلسے کرنے کی اجازت دی جائے۔ اپوزیشن ملک بھر میں جہاں جلسہ کرنا چاہے، اجازت دی جائے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی اراکین اور مشیران نے تجویز دی کہ اپوزیشن کو جلسوں میں کورونا ایس او پیز کا پابند بنایا جائے۔ ضلعی انتظامیہ جلسوں میں ایس او پیز کی پابندی یقینی بنائے۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ پنجاب کے ضلع کوجرانوالہ میں 16اکتوبر کو ہوگا۔ تاہم ضلعی انتظامیہ نے جلسے کے لیے اجازت نامہ جاری نہیں کیا ہے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن نے 20 ستمبر کو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں فیصلہ کیا تھا کہ اکتوبر اور نومبر میں صوبائی دارالحکومتوں سمیت بڑے شہروں میں جلسے کیے جائیں گے جب کہ دسمبر میں ملک گیر ریلیاں اور مظاہرے ہوں گے۔
مزیس پرھیں: مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کا اجلاس طلب کرلیا
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما راناثنا اللہ نے کہا ہے کہ ہم جلسوں کے بعد ریلیوں کی طرف جائیں گے اور جب پی ڈی ایم کی قیادت مناسب سمجھے کی استعفے بھی دیں گے۔