ملک بھر میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری، چھت گرنے سے دو بھائی جاں بحق

سیلاب

فوٹو: فائل


اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے تباہ کاریاں جاری ہیں۔ کراچی سے بلوچستان کو ملانے والا پل بھی انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو گیا۔

ملک بھر میں بارشوں کی تباہی کے بعد اب پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقے سیلاب کی زد میں ہیں۔ کندھ کوٹ، کشمور، لیاقت پور اور نور پور تھل میں ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں سیلابی پانی کی نذر ہو گئیں جبکہ علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے۔

دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے تو کندھ کوٹ میں نیو گھوڑا گھٹ حفاظتی بند پر پانی کٹاؤ کر رہا ہے جہاں پر مرمتی کام دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔

کشمور میں کچے کے 10 سے زائد گاؤں زیر آب آگئے جن کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا جبکہ دریائے چناب میں طغیانی کے باعث زمیندارہ بند نور سوئی ٹوٹ گیا جس کی وجہ سے وسیع رقبے پر کھڑی فصلیں زیر آب آ گئیں۔

دریائے چناب میں سیلاب سے اوچ شریف، فرید آباد، سرور آباد میں وسیع پیمانے پر کھڑی فصلیں زیر آب آ گئیں اور شہری اپنی مدد آپ کے تحت گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے۔

دریائے جہلم میں نور پور تھل جوڑا کلاں کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور سینکڑوں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں زیر آب آگئیں۔ اسکردو کے نواحی علاقے سندوس میں بھی دریائی کٹاو کے باعث ہزاروں کنال قابل کاشت اراضی دریا برد ہو گئیں۔

اپر چترال میں بھی سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں جہاں متعدد گھروں کو جزوی  نقصان پہنچا جبکہ ایک  گھر کی  چھت  گرنے سے دو بھائی چل بسے۔

دوسری جانب کراچی کو بلوچستان سے ملانے والا پل خستہ حالی کا شکار ہے جو کسی بھی وقت کسی بڑے سانحہ کا سبب بن سکتا ہے۔ پل سے روزانہ سیکڑوں ہیوی ٹریفک اور مسافر بسیں  گزرتی ہیں۔


متعلقہ خبریں