مون سون بارشیں مزید 2 دن جاری رہنے کا امکان

فائل فوٹو


اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے مزید دو دن مون سون کی بارشیں جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

اسلام آباد، بالائی/وسطی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، جنوبی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ سندھ اور بلوچستان میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس بار ملک میں مون سون کی بارشیں معمول سے 10فیصد زائد ہوں گی جب کہ کشمیر اورسندھ میں مون سون کی بارشیں معمول سے 20 فیصد زائد ہوسکتی ہیں۔

راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، منڈی بہاؤالدین، حا فظ آباد، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور، فیصل آباد ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر اور خانیوال میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں دیر، سوات، ما لاکنڈ، بونیر، شانگلہ، کوہستان، ہری پور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ، صوابی، مردان، نوشہرہ، اورکزئی، ہنگو، کوہاٹ اور کرم میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا ،بالائی / وسطی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

پاکستان  میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ملک کے طول وعرض میں ہونے والی بارشوں کے سبب 23 افرادجاں بحق اور 34 زخمی ہو چکے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں بارشوں سے 110 گھروں کوجزوی نقصان پہنچا اور 13مکمل تباہ ہو گئے ہیں۔

مون سون بارشوں کی وجہ سے دریاؤں میں سطح آب بلند ہوگئی ہے۔  دریائے سندھ میں چاچڑاں شریف کے مقام سے ساڑھے3 لاکھ کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے اور وہاں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔  آئندہ 24 گھنٹے میں 6لاکھ کیوسک پانی کا ریلا گزرے گا۔

دریائے سوات میں بھی طغیانی ہے۔ مدین اور بحرین سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ وادی نیلم کے ندی نالوں میں طغیانی ہے اور شاہراہ نیلم پر لینڈ سلائیڈنگ سےٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ دریائے سندھ میں جناح بیراج پر درمیانےدرجے اور چشمہ بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ ملتان کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند  ہونے سے متعدد علاقوں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔


متعلقہ خبریں