اسلام آباد: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے سندھ سے منسلک جنوبی پنجاب کے اضلاع کے لیے فلڈوارننگ جاری کر دی ہے۔
اس ضمن میں جاری مراسلے کے مطابق میانوالی، بھکر، لیہ، ڈیر غازی خان (ڈی جی) خان، مظفرگڑھ اور راجن پور میں سیلاب کا خطرہ ہے۔
اسلام آباد کے 5 علاقوں میں سیلاب کا خدشہ، ریڈ الرٹ جاری
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے مراسلہ کے بعد ڈی سی بھکر موسی رضا اور متعلقہ عملہ نے سپر بند کا معائنہ کیا اور بتایا ہے کہ تمام ادارے الرٹ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ریلیفاقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
اس سے قبل وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد کے 5 علاقوں میں بارش کے سبب سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق غوری ٹاؤن فیز5، سواں گارڈن، آئی 8 اور آئی 9 میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ نالہ کورنگ کے اطراف آبادیوں میں بھی سیلاب کا خدشہ ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق اسلام آباد میں قائم کچی آبادیوں میں بھی سیلاب آ سکتا ہے۔ اسپتالوں سمیت تمام اداروں کوبھی ہائی الرٹ کردیاگیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آبادکے علاقے گولڑہ میں 41ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ سیدپور 20 اور زیروپوائنٹ میں 25 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چکلالہ میں 17 اور شمس آباد میں 19 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔