پاکستان میں کورونا کے445 نئے کیسز رپورٹ



عالمی وبا کورونا وائرس کے پاکستان میں 445نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور مزید7 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 94 ہزار 638 ہوگئی اور اب تک 6 ہزار 274 اموات ہوئی ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے ایکٹیو کیسز8ہزار803رہ گئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 23 ہزار 441 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ ملک میں کورونا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 2 لاکھ 79 ہزار561 تک پہنچ گئی ہے۔

کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار193 اور سندھ میں 2 ہزار388 اموات ہوئی ہیں۔ خیبر پختونخوا ایک ہزار249، اسلام آباد 175، بلوچستان 141، ‏گلگت بلتستان67 اور آزاد کشمیر میں کورونا سے اموات کی تعداد 61 ہے۔

سندھ میں ایک لاکھ28 ہزار877 اور پنجاب میں کورونا کے 96 ہزار540 کیسز رپورٹ ہوئے۔ خیبرپختونخوا35 ہزار893، بلوچستان12 ہزار721، اسلام آباد15 ہزار562، آزادکشمیر2272 اور گلگت بلتستان میں کورونا کے2ہزار773 کیسزرپورٹ ہوئے۔

ملک میں اب تک کورونا کے 25 لاکھ 35 ہزار778 ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔ این سی او سی کے مطابق سپتالوں میں 114 مریض وینٹی لیٹرپر ہیں اور اسپتالوں میں کوروناوینٹی لیٹرزکی تعداد 1920 ہے۔ 735 اسپتالوں میں کورونا مریضوں کےلیے سہولیات ہیں اور اس وقت ایک ہزار 76 مریض اسپتالوں میں داخل ہیں۔

ملک میں 132 ٹیسٹنگ لیبارٹریز کام کر رہی ہیں اور متعدد شہروں میں ٹریس، ٹیسٹ اورقرنطینہ حکمت عملی موثر طریقے سے کام رہی ہے۔

حکومت کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کا گراف مسلسل نیچے آرہا ہے لیکن خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔

پاکستان میں کورونا سے اٹھارہ مارچ کو پہلی موت رپورٹ ہوئی تھی۔ ملک میں کورونا جب عروج پر پہنچا توبیس جون کو سب سے زیادہ ایک سو تریپن اموات رپورٹ ہوئیں لیکن اب کورونا کا گراف تیزی سے نیچے آ رہا ہے۔

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کیسز میں اضافے کی رفتار کافی سست ہوچکی ہے لیکن پھر بھی احتیاط کی ضرورت ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے اثرات تیزی سے کم ہو رہے ہیں اور اگست کے پہلے دس روز میں صرف چھ ہزار کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ ماضی کی نسبت سب سے کم ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کی جانب سے محرم الحرام میں کورونا کے دوبارہ پھیلاؤ کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران کورونا وائرس کے خلاف موثر اقدامات کے ذریعے عوام کے تحفظ اور فلاح وبہبود کو یقینی بنایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں