انگلینڈ کے 583 رنز کے جواب میں پاکستانی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی


ساؤتھمپٹن: پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے دوسرے روز انگلینڈ کی پہلی اننگز 583 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔

ساؤتھمپٹن کے میدان میں کھیلے جانے والے میچ کے دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے تین وکٹیں کھو کر 24 رنز بنا لیے ہیں۔

بابر اعظم 11، شان مسعود 4 جبکہ عابد علی ایک رنز بنا کر جیمز اینڈرس کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، اس وقت اظہر علی اور اسد شفیق کریز پر موجود ہیں۔

انگلینڈ کی پہلی اننگز

انگلینڈ نے چار وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز پر اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔

اس دوران کراولی اور بٹلر نے اپنی فارم کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور پانچویں وکٹ کے لیے ریکارڈ 359 کی شراکت داری بنا ڈالی۔ کراولی 267 اور جوز بٹلر 152 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے فواد عالم، یاسر شاہ اور شاہین شاہ نے دو دو جب کہ اسد شفیق اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

گزشتہ روز ٹیسٹ میچ کے آغاز پر میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ کی پہلی وکٹ 12 رنز پر گری جب روری برنز ایک بار پھر شاہین شاہ کی گیند پر سلیپ میں کیچ دے بیٹھے۔

پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد ڈوم سیبلی اور زیک کراؤلی کے درمیان 62 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جس کا اختتام اس وقت ہوا جب سیبلی 22 کے انفرادی اسکور پر یاسر شاہ کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔

انگلش کپتان بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور 29 کے اسکور پر نسیم شاہ کا شکار بنے جب کہ اولی پاپ کی وکٹ یاسر شاہ لے اڑے۔

127 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد کراؤلی اور بٹلر نے جارحانہ انداز اپنایا اور پاکستانی گیند بازوں کو دباؤ میں ڈالے رکھا۔

اس دوران زیک کراولی نے سینچری اسکور کی جبکہ بٹلر بھی نصف سینچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے دو جب کہ نسیم اور شاہین شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ میزبان ٹیم انگلینڈ نے جیتا جب کہ دوسرا مقابلہ بارش کی وجہ سے ڈرا ہو گیا تھا۔


متعلقہ خبریں