واشنگٹن: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑے آپریشن میں شاندار نتائج حاصل کیے۔
ملیحہ لودھی نے امریکی وارکالج کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے سب سے بڑا آپریشن کرکے دہشت گردوں کا صفایا کیا۔
وار کالج کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں 60 فیصد تک کمی آئی ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب نے بتایا کہ پاکستان کی جامع حکمت عملی سے 2006 کے بعد دہشت گردی کے واقعات میں انتہائی کمی آچکی ہے۔
ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے پڑوسی ممالک میں امن کا خواہش مند ہے۔افغانستان میں امن و استحکام پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ترجیحی حیثیت رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سےدیرپا تعلقات چاہتا ہے لیکن اس کیلئے دیرینہ تنازعات کا حل ضروری ہے۔