پشاور: وزیرصحت خیبرپختونخوا تیمورسلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ ہمیں کورونا، معیشت اورغربت جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت شعبہ صحت میں اصلاحات پر توجہ دے رہی ہے، حکومت نے کورو نا بچاوَ کے لیے بروقت اقدامات کیے تاہم عید کے دوران بھی ایس او پیز پرعمل درآمد بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کےدوردرازعلاقوں تک انسداد پولیو کی ٹیمیں پہنچ رہی ہیں،حکومت نے انسداد پولیو ورکرز کو ایس اوپیز کے تحت کام کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں پچھلے24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 221 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری تازہ اعدادوشمار کے مطابق خیبر پختونخوا میں کورونا کیسز کی تعداد31ہزار890ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے باعث مزید 9 اموات رپورٹ ہوئیں۔ خیبر پختونخوا میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 1139ہوگئی۔
محکمہ صحت کے مطابق پشاور شہر میں کورونا وائرس کے مزید 81 کیسز رپورٹ ہوئے۔ پشاور میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 11ہزار684 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 5 ہزار 522 تک پہنچ گئی جبکہ 2 لاکھ 61 ہزار 917 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اب تک کورونا وائرس کے ایک لاکھ 98 ہزار 509 مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایک ہزار 918 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مزید 47 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ملک بھر کے 733 اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے سہولیات دستیاب ہیں۔ 2 ہزار 690 کورونا مریض اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ 307 کورونا مریض وینٹی لیٹر پرزہیں۔ پاکستان میں کورونا مریضوں کےلیے 1825 وینٹی لیٹر دستیاب ہیں۔ بلوچستان اور آزادکشمیر میں کوئی کورونا مریض وینٹی لیٹر پرنہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں 14 فیصد سے زائد آبادی کورونا وبا سے متاثر
سندھ میں کورونا کےایک لاکھ 11 ہزار 238 کیسزرپورٹ ہو چکے ہیں۔ پنجاب میں 89 ہزار 465، خیبر پختونخوا میں 31 ہزار 669، بلوچستان میں 11 ہزار 405، اسلام آباد میں 14 ہزار 504، آزاد کشمیر میں ایک ہزار 840 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 796 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔