لاہور: پنجاب بھر کے سینما مالکان کے لیے صوبائی حکومت نے ایک سال کے لیے ٹیکس معافی کا اعلان کردیا۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ ایکسائز پنجاب نے انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کی مد میں ایک سال کے لیَ ٹیکس کی چھوٹ دے دی ہے۔
ایکسائز پنجاب کی جانب سے جاری ٹیکس چھوٹ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم جولائی 2020 سے 30 جون 2021 تک ٹیکس کی چھوٹ دے گئی ہے.
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئے بننے والے سینما گھرون کیلئے پانچ سال تک ٹیکس کی چھوٹ ہوگی،
خیال رہے کہ 20 جون کو سینما انڈسٹری سے منسلک افراد نے نئے مالی سال 2020-21 کے بجٹ میں سینما گھروں سے تفریحی ٹیکس ختم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا تھا۔
نئے مالی سال میں پنجاب حکومت کی جانب سے انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کو بیس سے کم کر کے پانچ فیصد کر دیا گیا تھا جب کہ 30 جون 2021 تک سینما گھروں کو انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی سے مستثنیٰ بھی قرار دیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: ’پاکستان کا روشن چہرہ سینما گھروں کو آباد کیے بغیر نہیں دکھایا جاسکتا‘
چیئرمین فلم ایگزیبٹرز ایسوسی ایشن زوریز لاشاری نے ڈیوٹی کم کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ایک سال کے استثنٰی کی رعایت میں توسیع کی جائے۔
چیئرمین فلم ایگزیبٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا فیصلہ اچھا ہے لیکن سینما مالکان کا بہت نقصان ہو چکا ہے، کم از کم پانچ سال کا ٹیکس معاف کیا جانا چاہیے۔
چیئرمین سینما مینجمنٹ ایسوسی ایشن کا اس ضمن میں کہنا تھا کہ انڈسٹری زوال کا شکار تھی، حکومتی فیصلہ لائق تحسین ہے۔
چیئرمین سینما مینجمنٹ ایسوسی ایشن کا حکومتی فیصلے کے متعلق کہنا تھا کہ بہت اچھا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سے معاشی استحصال کا خاتمہ ہوگا۔