کراچی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 70 ہزار سے تجاوز کر گئی

پاکستان میں کورونا

فائل فوٹو


کراچی: شہر قائد میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 70 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں کورونا سے ہونے والے اموات کی تعداد ایک ہزار 220 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 39 ہزار 463 کورونا سے متاثرہ افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب شہر قائد میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں ضلع غربی کی چھ  یوسیز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔

20 شہروں کے 92 ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں لاک ڈاؤن کیا ہے، اسد عمر

ہم نیوز کے مطابق جن یوسیز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے ان میں گڈاپ ، کیماڑی ، بلدیہ، سائٹ اور اورنگی ٹاؤن کی یوسیز شامل ہیں۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔

کمشنر کراچی کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر ویسٹ نے اس ضمن میں باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ویسٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن 17 جولائی 2020 تک نافذ العمل ہو گا۔

ملک کے دیگر شہروں کی طرح ان علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے جہاں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کے کیسز زیادہ بڑی تعداد میں سامنے آرہے ہیں۔

کراچی میں صوبائی محکمہ صحت کی سفارش پر 41 یوسیز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن پہلے مرحلے میں کیا گیا تھا۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار 551 ہو گئی ہے جب کہ 2 لاکھ 21 ہزار 896 متاثر ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 87 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 78 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد ایکٹیو کیسز سے زیادہ ہے۔ ملک بھر میں مجموعی طور پر 13 لاکھ 50 ہزار 773 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 89 ہزار 225 ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں