پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پورے ایشیا سے کم ہیں، عمر ایوب



اسلام آباد:وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پورے ایشیا سے کم ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں گزشتہ 36 روز کے دوران  پیڑول کی قیمت 112 فیصد بڑھی ہے، پاکستان تیل پیدا کرنے والا ملک نہیں اس کے باوجود یہاں قیمتیں سب سے کم ہیں۔

عمر ایوب نے کہا کہ ن لیگ کے دور حکومت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 31 فیصد اضافہ ہوا تھا، جولائی 2014 میں پیٹرول کی قیمت 75 سے بڑھا کر 108 روپے کر دی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت حقائق سامنے لانے پر یقین رکھتی ہے، ہمارا مقابلہ مافیاز کے ساتھ ہے، عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ شب وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ کر دیا گیا تھا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق  پٹرول کی قیمت میں 25 روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 100 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 21 اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 31 روپے سے زائد کا اضافہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ  ہائی اسپیڈ ڈیزل 101 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت 59 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

سستا پیٹرول کہاں گیا؟

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ  یکم جون سے پیٹرول کی نئی قیمت76.52 روپے کا اطلاق ہوا تو ایک روز بعد ہی ملک کے بیشتر بڑے شہروں میں فلنگ اسٹیشنز پر فروخت بند کردی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں