اسلام آباد کے چار رہائشی سب سیکٹرز سیل کر دیئے گئے



اسلام آباد: عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مزید 4 رہائشی سب سیکٹرز  کو گزشتہ شام 7 بجے سیل کردیا گیا۔ 

اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق اسلام آباد کےجی سکس ون، ٹو،جی سیون اور جی ٹین فور کو سیل کیا گیاہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شہریوں کو اشیائےخوردونوش اور ضروری اشیا کو رکھنےکی ہدایت کر دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہےکہ کریانہ، میڈیکل اسٹور، بیکری اوردودھ کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد کے آئی ایٹ کے سیکٹر 3 اور 4 جبکہ آئی ٹین کے سیکٹر ون اور ٹو کو سیل کر دیا گیا تھا۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے احکامات کے مطابق ان علاقوں میں پرائیویٹ دفاتر اور پارکس بند رہیں گے، شہریوں کے لیے گھر سے باہر جانا ضروری ہو تو شناختی کارڈ ساتھ لازمی رکھا جائے۔

خیال رہے کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث سیکٹر آئی 8 اور آئی 10 کو سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

سیکٹر آئی 8 میں ایک دن کے دوران کورونا کے 200 کیسز سامنے آئے جبکہ سیکٹر آئی 10 میں ٹوٹل 400 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔


انہوں نے کہا تھا کہ اسلام آباد کے دونوں سیکٹرز کو سیل کرنے کا پلان بنا رہے ہیں اور آئندہ 24 گھنٹوں میں اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری ہو سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں