اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مزید دو سیکٹرز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
آئی ایٹ کے سیکٹر 3 اور 4 جبکہ آئی ٹین کے سیکٹر ون اور ٹو کو سیل کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے احکامات کے مطابق ان علاقوں میں پرائیویٹ دفاتر اور پارکس بند رہیں گے، شہریوں کے لیے گھر سے باہر جانا ضروری ہو تو شناختی کارڈ ساتھ لازمی رکھا جائے۔
گزشتہ روز ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اسلام آباد کے علاقے غوری ٹاؤن کی متعدد دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث سیکٹر آئی 8 اور آئی 10 کو سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
سیکٹر آئی 8 میں ایک دن کے دوران کورونا کے 200 کیسز سامنے آئے جبکہ سیکٹر آئی 10 میں ٹوٹل 400 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
اسلام آباد میں بڑھتے ہوئے کیسس کی وجہ سے ہم سیکٹر آئی – 8 ( یہاں ایک دن میں دو سو کیسس نکلے ہیں ) اور سیکٹر آئی -10 ( یہاں ٹوٹل چار سو کیسس ہو چکے ہیں ) کو سیل کرنے کا پلان بنا رہے ہیں ۔ آگئے 24 گھنٹوں میں نوٹیفیکیشن ایشو ہو سکتا ہے ۔
— Deputy Commissioner Islamabad (@dcislamabad) June 16, 2020
انہوں نے کہا تھا کہ اسلام آباد کے دونوں سیکٹرز کو سیل کرنے کا پلان بنا رہے ہیں اور آئندہ 24 گھنٹوں میں اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب آج رات سے لاہور کے 61 علاقوں کو کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث سیل کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر کیا گیا۔
ہم نیوز کے مطابق جن علاقوں کو آج رات سے سیل کیے گئے علاقوں میں جوہرٹاوَن کے بلاک اے، بی ون، ای، ایف2، جی، ایچ، جے اورآر شامل ہیں۔
حکومتی فیصلے کے تحت مصطفیٰ ٹاوَن، کنال ویو، ای ایم ای، واپڈا ٹاوَن اور پی سی ایس آئی آر فیز2 بھی سیل کیے گئے۔
ہم نیوز کے مطابق بحریہ ٹاوَن کا جیسمین، گلبہار، ایگزیکٹو بلاک، ڈی ایچ اے فیزون، تھری، فائیو اور فور، عسکری9 اور10 کومکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔
ڈویژنل کمشنرز کو زیادہ کیسز والے علاقے سیل کرنے کا اختیار مل گیا
انتظامی فیصلے کے تحت ہاٹ اسپاٹ قرار دیے جانے کی وجہ سے علامہ اقبال ٹاوَن کا ستلج بلاک، رچنہ بلاک، نرگس بلاک اوررضا بلاک سیل کیا گیا۔
ہم نیوز کے مطابق ماڈل ٹاوَن کا بلاک بی، سی، جی، ایچ، اے، جے، کےاوراین بھی کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب سیل رہے گا۔
حکومتی فیصلے کے تحت کل رات سے گلبرگ میں ظفرعلی روڈ، ظہورالٰہی روڈ، ای ون بلاک، گلبرگ کا بلاک اے، تھری، بی ٹو، بی تھری اوربی ون بھی مہلک وبا میں اضافے کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے۔