لندن: میاں نوازشریف کی ایک اور تصویر سامنے آ گئی


لندن: سابق وزیراعظم نوازشریف کی لندن میں اپنے بیٹے کے ہمراہ چہل قدمی کی تصویر سامنے آئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف عارضہ قلب، ذیابیطس کے مریض ہیں چہل قدمی اور ہوا خوری ان کی صحت کے لئے مفید ہے۔

اس سے قبل بھی نواز شریف کی لندن میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ چائے پینے کی تصویر وائرل ہوئی تھی جس پر وفاقی وزیر فواد چوہدری سمیت دیگر وزرا نے تنقید کی تھی۔

فواد چوہدری نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہل خانہ کے ساتھ منظر عام پر آنے والی تصویر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کی تصویر ہمارے نظام کا منہ چڑا رہی ہے۔

نواز شریف ملک کو نقصان پہنچا کر بیرون ملک سیر کر رہے ہیں، کابینہ ارکان

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چوہدری نے ایک تصویر شیئر کی جس میں میاں نواز شریف لندن میں اپنی بہو اور پوتی کے ہمراہ دیکھے جا سکتے ہیں۔

تصویر کے ساتھ فواد چوہدری نے تحریر کیا کہ یہ تصویر ہمارے نظام انصاف، قانون، انتظامیہ اور عدالتی نظام کا منہ چڑا رہی ہے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے یہ بھی لکھا کہ تصویریں بتاتی ہیں کہ آخر عوام احتساب کے نظام پر کتنا اعتماد کر سکتے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی لندن میں سرگرمیوں اور اہل خانہ کے ساتھ وقت گزاری پر تنقید کی ہو۔

 


متعلقہ خبریں