لاہور کے نان بائیوں کا روٹی مہنگی کرنے کا اعلان

Nan Bai

فائل فوٹو


لاہور: فلور ملز کی جانب سے آٹے کی قیمت میں اضافے کے بعد لاہور کے نان بائیوں نے روٹی مہنگی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

نان بائیوں کا کہنا ہے کہ فلور ملز نے آٹے کی قیمت بڑھا دی ہے اور ہم  پرانی قیمت پر نان اور روٹی فروخت نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت ریلیف فراہم کرے۔

نان روٹی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حکومت نے ریلیف فراہم نہ کیا تو پانچ  جون کو قیمتوں میں اضافے کا حتمی اعلان کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت آٹے کی قیمتوں کو پرانی سطح پر لائے گی تو ہم نان روٹی کا ریٹ نہیں بڑھائیں گے۔ ہمارے اخراجات بڑھ رہے ہیں، قیمتوں میں اضافہ اب ناگزیر ہوگیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کے20 کلو تھیلے کی قیمت میں 120 روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ لاہور قصور شیخوپورہ فیصل آباد اوکاڑہ ساہیوال اور سنٹرل پنجاب کے مختلف شہروں میں 20 کلوگرام تھیلے کی قیمتوں میں 120روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔

جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں 20 کلوگرام تھیلے کی قیمتوں میں 50 روپے سے لے کر 60 روپے فی تھیلا اضافہ کیا گیا ہے۔

فلو ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں گندم بہت مہنگی ہوچکی ہے جس کےباعث پرانے نرخوں پر آٹے کی فروخت ممکن نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ  پنجاب میں اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 1600 روپے فی من ہے۔

گندم کی قیمت بڑھنے کے سبب 20 کلوگرام کے تھیلے کی نئی قیمت ایکس مل نرخ 900 روپے اور ریٹیل قیمت 925 روپے ہو گی تاہم جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں گندم کی قیمت 1550 اور 1525 روپے فی من ہے ان شہروں میں 20 کلوگرام تھیلے کی قیمتوں میں 50 روپے سے لے کر 60 روپے فی تھیلا مہنگا ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں