کراچی: سندھ میں کورونا وائرس کے 451 نئے کیسز اور9 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ ان کے صوبے میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد157 ہوگئی ہے۔
سندھ میں کورونا وائراس کے مجموعی طور پر8640 مریض ہیں جن میں سے89 کی حالت تشویشناک ہے اور 14 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ صرف کراچی میں مریضوں کی تعداد ساڑھے6 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ کراچی میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 327 نئے کیسز سامنے ہیں اور مجموعی تعداد 6523 تک پہنچ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں کورونا وائرس سے 526 افراد جان کی بازی ہار گئے
کراچی کے ضلع جنوبی میں سب سے زیادہ 87 کیسز سامنے آئے، ضلع شرقی 74 اور ضلع وسطی میں 68 کیسز سامنے آئے ہیں۔ ضلع غربی 47 ، ملیر 26 اور کورنگی میں 25 نئے کیسز سامنے آئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,049 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 40 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
سندھ میں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 8 ہزار 420، خیبرپختونخوا 3,499، بلوچستان 1,495، اسلام آباد 485، آزاد کشمیر 76 اورگلگت بلتستان میں 386 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 194 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 157، پنجاب میں 156، بلوچستان 21، اسلام آباد 04 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3 افراد جاں بحق ہوئے۔
ملک میں کورونا وائرس کے 143 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے 2 ماہ سے زائد عرصہ بیت چکا ہے، ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا جس کے ایک ماہ بعد یعنی 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔ ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی۔