کورونا وائرس: لاہور میں موبائل واش بیسن نصب


لاہور: کورونا سے شہریوں کو بچانے کیلئے ملک بھر میں اقدامات جاری ہیں اور لاہور میں واسا کی جانب سے مختلف مقامات پر خود کار سسٹم کے تحت چلنے والے موبائل واش بیسن بھی نصب کیے گئے ہیں۔

موذی وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے ہاتھ بیس سیکنڈ تک دھونا ضروری مگر پبلک مقامات پر نل کو ہاتھ لگانے سے کورونا کے پھیلاو کا خدشہ ہوتا ہے۔

کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے واسا نے ڈرم میں بنے واش بیسن متعارف کروائے ہیں جن کے استعمال کیلئے ہاتھ لگانے کی ضرورت نہیں۔

واش بیسن کے نیچے لگے پیڈل پر پاوں رکھ کر دبائیں تو پانی اور ہینڈ سینیٹائزر کے ذریعے باآسانی ہاتھ دھوئے جا سکتے ہیں۔

واسا کے مطابق پندرہ ہزار میں ایک یونٹ تیار ہوا ہے جو سرکاری اسپتالوں اور جامع مساجد کے باہر لگائے گیے ہیں۔

ہاتھ دھونے کیلئے بنے یہ موبائل بیسن ڈرم جہاں کورونا سے محفوظ رہنے کا ذریعہ ہیں وہیں ان سے پانی جیسی نعمت کو ضائع ہونے سے بچانا بھی ممکن ہے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں کوروناوائرس کے7 ہزار106 مریض ہیں اور لاہور سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے سبب120 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

حکومت کی جانب سے لوگوں کو رمضان میں وائرس کے تیزی سے پھیلنے سے متعلق خبردار کیا جارہا ہے اور اس بارے میں وارننگ بھی جاری کی ہے۔

ظفر مرزا نے خبردار کیا تھا کہ لوگوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اگر ہم احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کریں گے تو صورتحال بدتر ہوسکتی ہے، پاکستان انتہائی اہم اور نازک مرحلے سے گزر رہا ہے اور وبا تیزی سے پھیل سکتی ہے، لہٰذا میں درخواست کرتا ہوں کہ عوام کو افطار، سحر اور مساجد جانے کے معمول کو تبدیل کرنا چاہیے۔


متعلقہ خبریں