اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ سندھ حکومت وفاق پرکس منہ سےسوالات اٹھارہی ہے؟ سندھ حکومت اپنی ناکامیوں کا ملبہ وفاق پرنہ گرائے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کرنے یا نہ کرنے میں سندھ حکومت آزاد تھی اور ہے۔ سندھ حکومت سیاست کرنے کے بجائے کورونا پرتوجہ دے۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ بلاول بھٹو اور صوبائی وزرا کام کے بجائے پریس کانفرنسز کررہے ہیں۔ اپوزیشن سیاست کے بجائے کورونا سے نمٹنے میں وزیراعظم کا ساتھ دے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کو دی جانے والی امداد ان کی لاعلمی کا پول کھول رہی ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز سے سندھ کےعوام بھی مستفید ہوئے۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے قرضوں کی قسطوں کی ادائیگی میں سہولت دی ہے۔ قرضوں میں سہولت کی اسکیم کا سندھ میں بھی اطلاق ہوگا۔
گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ ملک کے ہر صوبے کو وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے، بتایا جائے وفاقی حکومت نے آج تک کیا کیا ہے؟
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو ہر وقت تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے مگر اس وزیراعلیٰ سے کوئی نہیں پوچھتا کہ جو کہتا ہے کورونا کیسے کاٹتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کے نمائندے ہر بیان میں میرے صوبہ کو نشانہ بناتے ہیں،وفاقی حکومت نے ہماری ہر کوشش سبوتاژ کیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا سے ہمیں لڑنا ہے، میرے ملک کا وزیراعظم عمران خان اور وزیر صحت بھی عمران خان ہے۔ وفاقی حکومت کو اپنی ذمہ داری اٹھانا پڑے گی۔
پاکستان میں ڈاکٹرز سمیت 444 ہیلتھ ورکرز کورونا سے متاثر،10جاں بحق
بلاول نے کہا تھا کہ ڈاکٹرز کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر ہیں،400 طبی عملہ کورونا وائرس کا شکار ہوا اور کورونا وائرس سے پاکستان میں 9 ڈاکٹرز جاں بحق ہوئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے سب سےزیادہ دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہوا، حکومت پاکستان کو دیہاڑی دار طبقے اورطبی عملےکیلئے عملی اقدام کرنے چاہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ ڈاکٹر،نرسز اور پیرامیڈیکس اسٹاف سے کم تنخواہ پر کام لے رہے ہیں، صوبائی سطح پر ہماری ضروریات پوری کی جائیں۔ کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن ورکرز کو تیاری کے ساتھ بھیجنا ہوگا۔
