عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں کورونا مریضوں کی تعداد 26 لاکھ 92 ہزار سے بڑھ چکی ہے اور ایک لاکھ 88 ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں جب کہ 7 لاکھ 38 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہوئے۔
امریکہ میں آٹھ لاکھ 66 ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہیں اور آج 11 سو پچاس نئی اموات ہوئی ہیں۔ امریکہ میں کورونا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 48 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ نیویارک میں کورونا کے دو لاکھ باسٹھ ہزار سے زائد کیسز ہیں اور بیس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ریاست نیو جرسی میں کیسز پچانوے ہزار سے بڑھ گئے ہیں۔
یورپ پر کورونا کے وار بدستور جاری ہیں اور اٹلی میں چار سو سینتیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور مرنے والوں تعداد پچیس ہزار پانچ سو سے بڑھ گئی ہے۔ اسپین میں چار سو پینتیس ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد 22 ہزار سے زائد ہوگئی ہے جب کہ دو لاکھ سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہیں۔
برطانیہ میں کورونا سے ایک دن میں سات سو تریسٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور مجموعی تعداد اٹھارہ ہزار سات سو سے زائد ہو گئی ہے جب کہ ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد افراد میں وائرس سے متاثر ہیں۔
فرانس میں مزید پانچ سو چوالیس افراد کورونا کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے۔ فرانس میں مرنے والوں کی تعداد اکیس ہزار تین سو چالیس ہو گئی ہے اور ایک لاکھ ساٹھ ہزار کے قریب افراد کورونا سے متاثر ہیں۔
بیلجئیم میں ہلاکتوں کی تعداد چھ ہزار چار سو سے بڑھ گئی ہے، جرمنی میں پانچ ہزار تین سو سے زائد افراد وائرس کی نذر ہو گئے ہیں۔
سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس سے اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک روز میں مزید پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ اموات کی تعداد ایک سو 14 تک پہنچ گئی ہے۔ متاثرہ افراد کی تعداد بارہ ہزار سات سو 72 ہو گئی ہے اور اب تک ایک ہزار آٹھ سو بارہ افراد نے موذی وائرس کو شکست دی ہے.