انفیکشن کنٹرول گائیڈ لائنز کورونا جیسی بیماریوں سے روک تھام میں مدد فراہم کریں گی‘


اسلام آباد: قومی ادارہ صحت نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے تعاون سے انفیکشن کی روک تھام ، مریضوں کی حفاظت اور اسپتالوں کے لیے گائیڈ لائنز تیار کرنے کے ساتھ ساتھ ایک سینٹر فار آکوپیشنل سیفٹی (سی او پی ایس) سینٹر بھی قائم کر لیا ہے۔

اس حوالے سے قومی ادارہ صحت میں آج ایک افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا تھے ۔

اس موقع پر معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ توقع ہے کہ یہ سینٹر اور آئی پی سی گائیڈ لائنز صحت کی سہولیات میں انفیکشن کے حوالے سے خدمات کے معیار کو بہتر بنانے میں قیمتی ثابت ہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ گائیڈ لائنز صحت کے ماہرین سے مشاورت کے بعد تیار کی گئیں ہیں اور یہ گائیڈ لائنز پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والی تمام فسیلیٹیز کے لئے موزوں ہوں گی۔

اس موقع پر قومی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجرجنرل عامر اکرام نے کہا کہ ہم پر امید ہیں کہ آئی پی سی کے ان آسان طریقوں پر عملدرآمد اور انکے موثر نفاذ سے ہسپتال میں انفیکشنز کو کم کرنے ، اور مریضوں کی سیفٹی کو بہتر بنانے میں بہت زیادہ مدد ملے گی۔

اس کے علاوہ ، یہ گائیڈ لائنز، اینٹی مائکروبیل مزاحمت (اے ایم آر) کے بوجھ کو کم کرنے کے لئے اینٹی بائیوٹک اسٹورڈشپ پروگرام کو مستحکم کریں گی ، جو کہ عالمی ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ گائیڈ لائنز اورسی او پی ایس سنٹر ،صحت سے متعلقہ کارکنوں کو کوویڈ 19 جیسی بیماریوں کی روک تھام میں بھی مدد فراہم کریں گے۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp