سکھر میں کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے 84 فٹ لمبا اور 56 فٹ چوڑا دنیا کا سب سے بڑا سفید پرچم لہرا دیا گیا۔
سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ملک میں کرونا وائرس کے خلاف لڑی جانے والی جنگ میں فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل عملے، پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے لب مہران واکنگ ٹریک پر ایک مختصر اور سادہ سی تقریب منعقد کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کا اجلاس، مسلح افواج کو خراج تحسین پیش
تقریب میں میئر ارسلان شیخ، ڈپٹی میئر طارق چوہان، ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور کے علاوہ پولیس، رینجرز، پاک فوج، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے چار چار افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس، رینجرز، پاک فوج، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے افراد کو سندھ کی روایت کے مطابق اجرک اور ٹوپی کے تحائف پیش کیے گئے۔
تقریب میں میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ اور دیگر افسران نے واکنگ ٹریک پر دنیا کا سب سے بڑا 30 فٹ اونچا 84 فٹ لمبا اور 56 فٹ چوڑا سفید پرچم لہرایا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میئر ارسلان شیخ و دیگر شرکاء نے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف کے لوگ، پاک فوج، رینجرز اور پاک فوج کے جوان خراج تحسین کے قابل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: طبی عملے اور پولیس کی خدمات کو خراج تحسین
شرکا کا کہنا تھا کہ جو اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر لوگوں کا علاج اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں ان کو جتنا خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے یہ چھوٹی سی تقریب ان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بہت کم ہے۔