پشاور میں کورونا وائرس کا خطرہ موجود ہے، اجمل وزیر



پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے کہا ہے کہ پشاور میں کورونا وائرس کا خطرہ موجود ہے۔

اجمل وزیر نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حالات ابھی ٹھیک نہیں ہوئے ایس او پیز پر عمل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا تشخیصی سنٹرز قائم کیے گئے ہیں اور ٹیسٹنگ کی استعداد کو مزید بڑھایا جارہا ہے۔

مشیر اطلاعات خیبرپخونخوا کا کہنا تھا کہ آئندہ کچھ دنوں میں ٹیسٹنگ کی صلاحیت ایک ہزار ہوجائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ طورخم میں پھنسے 150 پاکستانی ٹرک واپس آچکے ہیں، افغانستان سے آنے والے ٹرکوں کے ڈرائیوروں کو قرنطینہ منتقل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: کورونا سے متاثرہ 152 افراد صحتیاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے

اجمل وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغانستان سے آنے والے پاکستانیوں کے ٹیسٹ لیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن پاکستانیوں کے ٹیسٹ منفی آئیں گے ان کو گھر جانے کی اجازت ہوگی۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ قرنطینہ میں مقیم 172 افراد کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

اجمل وزیر نے کہا کہ ایک ہزار 77 کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب 143 افراد جاں بحق اور7481 متاثر ہوئے ہیں جب کہ44 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ روز کورونا وائرس سے ملک میں مزید 8 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں کورونا کے مزید 45 کیسز سامنے آ گئے

پنجاب میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 3391کیسز رپورٹ ہوئے۔ سندھ میں کورونا وائر س کے 2217 مریض ہیں۔ خیبرپختونخوا 1077، بلوچستان 335 اورگلگت بلتستان میں 250 کیسزرپورٹ ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد 163اورآزادکشمیرمیں48 مریض ہیں۔ خیبرپختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ 50 اموات ہوچکی ہیں۔ سندھ 47، پنجاب37، بلوچستان5 اورگلگت بلتستان میں 3 اموات ہوئی ہیں۔ اسلام آباد میں کورونا وائرس کا ایک مریض جاں بحق ہوا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک بھر میں اب تک 1832 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں