چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتا ہے لیکن پاکستان اپنے قومی مفادات کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا اور اس مسئلے پر چاہے بھارت سے جنگ ہی کیوں نہ لڑنی پڑے۔
گلگت میں وزیراعلیٰ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں موسم سرما سے قبل بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے، میرٹ کو ترجیح دی جائے گی اور عوام کے آئینی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدے اور دریائے سندھ کے پانی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
گلگت بلتستان کے نو منتخب وزیر اعلیٰ امجد حسین نے حلف اٹھالیا
بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ وہ گلگت کی آواز پورے پاکستان تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے گی تاکہ عوامی مسائل کو اتفاق رائے سے حل کیا جا سکے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کا پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے آئی پی پی کی حمایت کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ جماعتوں کا انتخابات میں حصہ نہ لینا افسوسناک ہے، تاہم حکومت عوامی مینڈیٹ کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گی اور کسی کو اس پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں سیاست بدقسمتی سے گالی، لڑائی اور دشمنی کا دوسرا نام بن چکی ہے، لیکن پیپلز پارٹی مفاہمت اور جمہوری روایات کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایسا ماحول بنائیں گے جہاں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان فاصلے محسوس نہ ہوں اور سب مل کر عوام کی خدمت کریں۔
انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کو شناخت دی جب کہ ذوالفقار علی بھٹو نے شخصی حکمرانی کا خاتمہ کیا اور گلگت بلتستان کے عوام کو ان کی زمینوں کا حق دلانے کی بنیاد رکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو نے بھی اپنی سیاسی جدوجہد کا آغاز گلگت بلتستان سے کیا تھا، اسی لیے آج بھی یہاں کے عوام بھٹو خاندان سے والہانہ محبت رکھتے ہیں۔
امجد حسین وزیراعلیٰ،حافظ حفیظ الرحمان اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو آئینی حقوق دلانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ وہ دن دیکھنا چاہتے ہیں جب گلگت بلتستان کے منتخب نمائندے قومی اسمبلی میں بیٹھ کر اپنے عوام کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حقِ حاکمیت کا وعدہ پورا کرنا پیپلز پارٹی کی ذمہ داری ہے اور نئی نسل اس جدوجہد کو آگے بڑھائے گی۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ بھارت کو اپنی شکست ہضم نہیں ہو رہی، اسی لیے اس نے اسرائیلی ماڈل اپناتے ہوئے پراکسی جنگ شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دراندازی اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم پاکستان ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنائے گا۔
گلگت بلتستان اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا
بلاول بھٹو نے کہا کہ دریائے سندھ اور سندھ طاس معاہدے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اگر دریائے سندھ کے پانی کے تحفظ کے لیے جدوجہد یا جنگ بھی لڑنی پڑی تو پیپلز پارٹی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتا ہے، لیکن پاکستان اپنے قومی مفادات کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔
