کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے فیصل واوڈا کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا فیصل واوڈا کا کردار جانتی ہے۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ شکر ہےتنقید کے بہانے فیصل واوڈا اپنے گھر سے نکل آئے، مشکل وقت میں تنقید کی بجائے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے وزرا اپنے اپنے حلقوں میں موجود ہیں، ان وزرا کےنام لے کر بتا سکتا ہوں ،پیپلزپارٹی حکومت کےخلاف پروپیگنڈا سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
ہم کورونا کو روکنے اور سندھ حکومت پھیلانے میں مصروف ہے، فیصل واوڈا
مرتضی وہاب نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے کئی دنوں سے وفاق کو سمجھانے کی کوشش کررہے ہیں، یہ وقت پوائنٹ اسکورنگ کا نہیں، قوم کو متحد کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا سے کہتا ہوں تنقید کرنے سے عوام کی خدمت نہیں کرسکتے، ان سے گزارش ہے آئیں اور مل کر عوامی فلاح کیلئے کام کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دادو اور ٹنڈو محمد خان میں پی ٹی آئی رہنما مستحقین سے پیسے لیتے پکڑے گئے ہیں۔
خیال رہے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم کورونا کو روکنے اور سندھ حکومت پھیلانے میں مصروف ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ ائیرکنڈیشنڈ روم میں بیٹھ کر باتیں کررہے ہیں، ان کے وزرا کو چاہیے سڑکوں پر نظر آئیں، سندھ کے ساتھ نااہلی اور غنڈا گردی نہیں چلےگی۔
ان کا کہنا تھا کہ 35 سال سے ووٹ لینے والے کہیں نظر نہیں آ رہے، یہی صورتحال رہی تو ہم مجبور ہوجائیں گے مگر زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ راشن کیلئے سندھ کا ڈھائی ارب روپے کا بجٹ کہاں گیا؟ سندھ حکومت احساس پروگرام کے12 ہزار میں سے ایک ہزار روپے کھا گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ کی صورتحال انتہائی تکلیف دہ ہے، وزیراعلیٰ سندھ صرف بیانات دے رہے ہیں،ان بیانات سے کچھ نہیں ہو گا۔